• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BFC کا قیام بلوچستان میں کاروباری عمل کو آسان بنائیگا، قائم لاشاری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر/خ ن)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قیادت میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام صوبے میں کاروباری ماحول کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہےیہ اقدام نہ صرف کاروباری عمل کو آسان بنائے گا بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان کو بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے آغاز کے لیے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ تمام ضروری خدمات، بشمول لائسنس کے اجراء، رجسٹریشن، اور دیگر قانونی تقاضے، ایک ہی پلیٹ فارم پر مہیا کیے جائیں گے۔اس موقع پر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے امکانات بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر پالیسی اینڈ پلاننگ شفقت انور شاہوانی نے کہا کہ ادارہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولیات کی بہتری کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی ۔
کوئٹہ سے مزید