اسلام آباد (ساجد چوہدری) وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد بلوچ نے کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ کیا، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے یونیورسٹی کی ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات پر جامع بریفنگ دی، ان اقدامات میں SmartSelect@CUI، کامسٹس یونیورسٹی آن لائن، آن لائن ڈگری ویری فکیشن اور اسمارٹ تھیسس مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ اقدامات کے نتیجے میں 2,000درختوں کے برابر کاغذ کی بچت اور 50ملین روپے کی مالی بچت حاصل ہوئی۔ تین ماہ کے دوران 8,400عملے کے گھنٹے بچائے گئے جبکہ ڈاک کے ذریعے ہونے والے عمل کے 18,000سے زائد دن ختم کیے گئے، انہوں نے بتایا کہ 40ویں سلیکشن بورڈ کے دوران تقرری اور ترقی کے 1,500سے زائد کیسز پیپر لیس، شفاف اور مؤثر نظام کے تحت تین ماہ میں پراسیس کیے گئے۔