راولپنڈی(جنگ نیوز ) لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بینچ کے حالیہ انتخابات میں راولپنڈی کی تاریخ میں پہلی بار بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہونے والے سینئر قانون دان سعید یوسف خان ایڈووکیٹ کے اعزاز میں ایک پُروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ماہر تعلیم، معروف سماجی شخصیت راجہ نصراللہ خان کی جانب سے دی گئی جس میں وکلاء برادری، سرکاری و تعلیمی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر تھے جنہوں نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سعید یوسف ایڈووکیٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اسے وکلاء برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہائی کورٹ بار قاسم، سابق ڈائریکٹر کالجز شیر احمد، سابق چیئرمین راولپنڈی بورڈ ڈاکٹر ظریف، سی ای او ایجوکیشن یاسین بلوچ سمیت دیگر مقررین نے سعید یوسف ایڈووکیٹ کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی کامیابی وکلاء برادری کے اتحاد اور یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وکلاء برادری ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے قیام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انصاف کی بروقت فراہمی، آئینی تقاضوں کی پاسداری اور عوام کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔