• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل کی رسد میں رکاوٹوں کے باوجود توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، وزیراعظم

اسلام آباد ( رانا غلام قادر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی رسد میں رکاوٹوں کے باوجود ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، شمسی توانائی اور دیگر قابل تجدید توانائی کے ذرائع ہی بجلی شعبے کا مستقبل ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر بجلی کی فراہمی کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی اور حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی برآمدات کی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے بیٹری توانائی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نےقابل تجدید توانائی کے ذرائع کو قومی سطح پر مزید وسعت دینے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نےکہا کہ حالیہ عالمی کشیدگی اور چیلنجز کے باوجود خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات جاری ہیں۔ وزیراعظم نےپی این ایس سی کو سمندری راستے سے ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے بحری جہازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود کامیاب سفارتکاری سے خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات کی رسد یقینی بنائی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت بجلی کی کل پیداوار میں 55 فیصد حصہ قابل تجدید ذرائع اور 45 فیصد حصہ حیاتیاتی (fossil) ایندھن کا ہے۔ اگلے دس سال میں بجلی کی قابل تجدید ذرائع سے پیداوار 90 فیصد تک، جب کہ حیاتیاتی ایندھن سے پیداوار 10فیصد تک لے جانے کے لیے منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید