• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واجبات کی عدم ادائیگی نے مالی مشکلات سے دوچار کر دیا، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے جمعرات کومنعقد ہونے والے یومِ سیاہ اور احتجاجی مظاہرے میں اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے جامعہ کو درپیش سنگین مالی بحران پر شدید تشویش اور احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرے میں جامعہ کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان، بشمول امپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر زاہد حسین اور کراچی یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر فیصل ہاشمیسمیت سینکڑوں اساتذہ اور ملازمین شریک ہوئے۔ اس موقع پر انجمن اساتذہ کے جوائنٹ سیکرٹری طحہ بن نیاز کے انتقال کے باعث فضا سوگوار رہی اور شرکاء نے ان کے لیے دعا بھی کی، تاہم اساتذہ و ملازمین نے اپنے حقوق کے لیے بھرپور اور ذمہ دارانہ انداز میں احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ ہاؤس سیلنگ اور اس کے ایریئرز، ایوننگ مشاہرے، سپروائزر فیس، کاپی چیکنگ، پیپر سیٹنگ، امتحانی نگرانی، اور لیو انکیشمنٹ سمیت دیگر واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے جو طویل عرصے سے التوا کا شکار ہیں۔ شرکاء نے اس امر پر شدید احتجاج کیا کہ ان بنیادی واجبات کی عدم ادائیگی نے اساتذہ و عملے کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جو موجودہ مہنگائی کے تناظر میں ناقابلِ قبول ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن اساتذہ غفران عالمنے اس بات پر زور دیا کہ مالی معاملات کو درست خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہل، باصلاحیت اور جوابدہ قیادت کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جامعہ کے مالی بحران کا پائیدار حل شفافیت، پیشہ ورانہ اہلیت اور مؤثر گورننس کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اس امر کو یقینی بنائیں کہ آئندہ تعینات ہونے والے وائس چانسلرز کے لیے سالانہ بنیادوں پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس اور احتساب کا نظام وضع کیا جائے، تاکہ جامعہ کو مالی خساروں سے بچایا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید