حیدرآباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (KDSP) کے حیدرآباد چیپٹر کا افتتاح کیا جو محکمہ برائے بااختیار افراد معذوری (DEPD) کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ نیا مرکز حیدرآباد ، سانگھڑ‘ بدین‘ میرپورخاص‘ دادو اور نوابشاہ سمیت قریبی اضلاع کو بھی سہولتیں دے گا جس سے پسماندہ علاقوں میں ضروری خدمات کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔ افتتاحی تقریب میں وزیر آبپاشی جام خان شورو‘ میئر حیدرآباد کاشف شورو‘ ڈپٹی میئر صغیر‘ پی پی پی کے ارکان اسمبلی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ سیکریٹری DEPD طحہٰ فاروقی اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حیدرآباد مرکز کا قیام جولائی 2025ءمیں نارتھ ناظم آباد میں KDSP کی سہولت کے افتتاح کے موقع پر کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم نے مختصر وقت میں یہ وعدہ پورا کیا۔ یہ مرکز کراچی جیسی معیاری خدمات فراہم کرے گا۔ مرکز کے انتظامی اور عملی عملے کی بھرتی مقامی سطح پر کی گئی ہے جس سے کمیونٹی کی شمولیت مضبوط ہوگی اور خدمات کی موثر فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ انہوں نے سکھر‘ لاڑکانہ‘ شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی اسی نوعیت کے مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ صوبے بھر میں خدمات کو مزید وسعت دی جاسکے۔