اسلام آباد(مہتاب حیدر)IMFبجٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے اگلے ماہ اپنامشن پاکستان بھیجے گا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں فنڈ کو قائل کریں ایف بی آر ٹیکس وصولی ہدف 152.32کھرب روپے مقرر کرے،دوسری جانب حکومت نے بجٹ کے خاکے پر مشاورتی عمل شروع کر دیا، بزنس کونسل اور صنعتی اداروں سے ملاقاتیں کی گئی ہیں۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اگلے ماہ پاکستان میں اپنا مشن روانہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ 2026-27 کے آنے والے بجٹ کو حتمی شکل دی جا سکے، فنڈ ایف بی آر کے ٹیکس وصولی کے ہدف کو اگلے مالی سال کے لیے 155.64 کھرب روپے متوقع قرار دیتا ہے۔جغرافیائی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے آنے والے بجٹ کے خاکے کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تک وزیر خزانہ نے پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) اور اوورسیز انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (او آئی سی سی آئی) کے ساتھ ابتدائی مذاکرات کر لیے ہیں، جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت نے اے پی ٹی ایم اے کے ساتھ اجلاس کیا تاکہ حالیہ علاقائی تنازعات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی لاجسٹکس اور فریٹ چارجز پر ان کے تحفظات دور کیے جا سکیں۔