اسلام آباد (ساجد چوہدری )پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے آئی ٹی کمپنیوں اور ٹیک ایکسپورٹرز کی سہولت کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی مالیاتی اصلاحات کو سراہا ہے ، یہ اہم پیش رفت جس میں لین دین کی کارروائی کے لیے ایک دن کی مدت مقرر کرنا، بار بار طلب کی جانے والی دستاویزات کا خاتمہ اور مکمل ڈیجیٹل رپورٹنگ کے فریم ورک کی جانب منتقلی شامل ہے ، سجاد مصطفیٰ سید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاشا کی قیادت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر ان مسائل کی نشاندہی کی اور پاکستان کی ٹیک ایکسپورٹ کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے قابل عمل حل تیار کئے ، پاشا کی سفارشات پر فعال طور پر غور کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے ایسے اقدامات نافذ کیے ہیں جن سے آئی ٹی کمپنیاں اب کاغذی کارروائیوں میں الجھنے کے بجائے اپنی پوری توجہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور عالمی سطح پر اپنا دائرہ کار بڑھانے پر مرکوز کر سکیں گی۔ سجاد مصطفیٰ سید نے واضح کیا کہ فارم "R" حاصل کرنے کی حد کو نمایاں طور پر بڑھا کر 25,000امریکی ڈالر سے زیادہ کر دیا گیا ہے۔