کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سٹی کونسل کے حالیہ اجلاس میں پیش آنے والے واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض میئر تحریک عدم اعتماد کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فسطائیت پر اتر آئے ہیں، سٹی کونسل کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان پر حملہ کھلی جمہوریت دشمنی اس سے پیپلزپارٹی کے اصل طرزِ سیاست کی عکاسی ہوتی ہے، سٹی کونسل میں تشدد اور ہنگامہ آرائی نہ صرف ایوان کے تقدس کی پامالی ہے بلکہ جمہوری اقدار کی بھی توہین ہے، پیپلزپارٹی کا رویہ مکمل طور پر آمرانہ ہے اور وہ جمہوری اصولوں کو پامال کرتے ہوئے اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرنا چاہتی ہے۔ قابض میئر ارکان کی رائے کو روند کر من پسند قراردادیں حسب سابق زبردستی منظور کرانا چاہتے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں، منعم ظفر خان نے کہا کہ سٹی کونسل کے اجلاس میں پیش آنے والے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔