کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کا سرکاری اسکولوں کو درسی کتب کی عدم فراہمی ایک سنگین غفلت اور قابلِ افسوس امر ہے جس نے تعلیمی نظام کی کارکردگی پر بڑے سوالات کھڑے کردیئے ہیں فروری میں محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام اضلاع میں بروقت درسی کتب کی فراہمی کے بلند و بانگ دعوے کیے گئے مگر عملی طور پر اسے یقینی نہیں بنایا گیا ۔ نتیجتاً والدین کو مجبوراً بازار سے کتابیں خریدنی پڑیں جو ان پر ایک اضافی مالی بوجھ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ درسی کتب فراہم نہ کیے جانے کے باعث درس و تدریس کا عمل تعطل کا شکار ہے جس سے سہ ماہی ، ششماہی اور سالانہ امتحانات کی تیاری شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاثر مضبوط ہورہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں تعلیم کا شعبہ محض ایک کاروبار بنتا جارہا ہے اور والدین کو نجی اداروں کی طرف دھکیلا جارہا ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں فوری طور پر درسی کتب کی فراہمی یقینی بنائی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔