کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج، ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات شروع ہونے کی امید پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری، کاروباری ہفتے کے آخری روز اہم سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں1674 پوائنٹس کا اضافہ، ایک لاکھ 66اور 67ہزار کی حدیں بحال،73.51فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،سرمایہ کاری مالیت208ارب 44کروڑ 83 لاکھ روپے بڑھ گئی، تاہم کاروباری حجم 1.46 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ششوں سے مشرق وسطی کی جنگ بندی اور مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، کاروباری ہفتے کے آخری روز مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی خریداری سے ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے بعدتیزی کا یہ رحجان دن بھر برقرار رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 2773پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 68ہزار کی حد بھی عبور کر گیا لیکن اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1673.87 پوائنٹس کے اضافے سے 165517.51پوائنٹس سے بڑھ کر 167191.38پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس420.31پوائنٹس بڑھنے سے 50589.37پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 1123.80 پوائنٹس کے اضافے سے 98448.76 پوائنٹس سے بڑھ کر 99572.56پوائنٹس پر آگیا، جمعہ کو مارکیٹ487کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 358 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،101 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 28 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت برقرار رہی، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 208ارب 44کروڑ 83لاکھ 75ہزار روپے کے اضافے سے 18473 ارب 19 کروڑ 71 لاکھ 63 ہزار روپے ہو گئی، تاہم کاروباری حجم ایک کروڑ 30 لاکھ 28 ہزار شیئرز کی کمی سے 87 کروڑ 55 لاکھ 38 ہزار شیئرز پر آگیا، جمعہ کو مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے بینک آف پنجاب،ورلڈ کال،سوئی سدرن گیس،ایف نیٹ ایکوٹی اور کے۔الیکٹرک سر فہرست رہے۔