کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے سندھ لیکچررز اینڈ پروفیسرز ایسوسی ایشن (SPLA) کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں کالج اساتذہ کو درپیش مسائل اور چارٹر آف ڈیمانڈز میں شامل نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پروزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ کالج اساتذہ سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنا کر اساتذہ کو تعلیمی نظام کی بہتری کے عمل میں فعال طور پر شامل کیا جائے گا۔ کراچی آفس میں ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن فرخ شہزاد قریشی، ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ زاہد حسین راجپر، ڈاکٹر محمد قاسم راجپر سمیت دیگر شریک ہوئے، جبکہ سپلا کی نمائندگی مرکزی صدر پروفیسر منور عباس ، مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر غلام مصطفیٰ کاکا، مرکزی سینئر نائب صدر محمد عدیل خواجہ اور شبانہ افضل مرکزی لیڈی وائس پریزیڈنٹ نے کی۔ اجلاس کے دوران سپلا کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کو صوبائی وزیر نے تسلی اور توجہ کے ساتھ سنا۔ اس موقع پر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے کالجز کی بہتری میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے اور حکومت کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔