اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے اسلام آباد میں جاری ایران امریکہ امن مذاکرات کو خطے کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان مذاکرات نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔دنیا بھر کی نظریں اس وقت اسلام آباد پر مرکوز ہیں اور پاکستان ایک بار پھر امن کے داعی ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی اور مہمان نوازی نے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔کاشف چوہدری نے کہا کہ پوری قوم ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ عمل خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کی بنیاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفارتی امیج مضبوط ہوا ہے اور ملک مستقبل میں عالمی مذاکرات کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔دوسری جانب انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناکافی اور عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے موجودہ طوفان میں یہ کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے اور اس سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملے گاانہوں نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام اور تاجر برادری کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔