• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کا عمل تیز؛ دریاؤں/ ڈیموں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد ( ناصر چشتی )ملک کے شمالی علاقوں میں جاری شدید ہیٹ ویو کے باعث برف پگھلنے کا عمل تیز ہو گیا ، دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی آمد اور بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ۔ آبی ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 66 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا جبکہ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج بڑھا کر ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک کر دیا گیا ۔ حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہےدوسری جانب دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کی آمد ایک ہزار نو کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی آمد بدستور صفر ہے۔ڈیموں میں پانی کی سطح کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1449 فٹ جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1167 فٹ ریکارڈ کی گئی ہےماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور برف پگھلنے کے باعث آنے والے دنوں میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد سے مزید