• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے ڈی وینس پر مذاکرات کی کامیابی کا بہت دباؤ ہے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں فخر درانی، شاہزیب خانزادہ، محمل سرفراز، اعزاز سید، اعزاز چوہدری ،ڈاکٹر جمیل احمد خان اور حامد میر نے کہا ہے کہ جے ڈی وینس پر مذاکرات کی کامیابی کا بہت دباؤ ہے، امریکا راضی ہوجاتا ہے تو باقی ممالک کے پاس بھی راضی ہونے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا ، ٹرمپ کا جے ڈی وینس کا انتخاب کرنا ظاہر کر رہا ہے کہ وہ مذاکرات میں کامیابی چاہتے ہیں۔ وہ ”اسلام آباد مذاکرات امن کی اُمید“، کے حوالے سے جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سینئرصحافی و تجزیہ کارفخر درانی نے جیو نیوز کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس وقت بین الاقوامی سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹیسٹنگ گراؤنڈ کے طور پر ابھر رہا ہے اور پاکستان کی اصل طاقت کھل کر سامنے آئی ہے ،جب کوئی بھی ملک دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کرانے میں کامیاب نہ ہوسکا تو پاکستان نے آگے بڑھ کر اہم کردار ادا کیا اور دونوں فریقین کے درمیان سیز فائر کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے وفود کی آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ معاملہ محض رسمی نہیں بلکہ انتہائی سنجیدہ نوعیت اختیار کرچکا ہے خاص طور پر امریکا کی جانب سے نائب صدر کی سطح کا وفد بھیجا جانا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ یہ کوئی عام سفارتی ملاقات نہیں بلکہ اس کے پیچھے طویل بیک چینل ڈپلومیسی اور پس پردہ مذاکرات کارفرما ہیں اور موجودہ پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ بظاہر اختلافات کے باوجود پس پردہ سفارتی عمل مسلسل جاری رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید