• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہو گے ہیں ۔ یہ اجلاس 13 سے 18 اپریل تک واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوں گے۔وزیر خزانہ ان اجلاسوں میں شرکت سے قبل بوسٹن کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خزانہ کانفرنس میں شریک ماہرین، پالیسی سازوں اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی معیشت، اصلاحاتی اقدامات اور ترقی کے امکانات پر اظہار خیال کریں گے۔دورے کے دوران وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اہم اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور عالمی مالیاتی رہنماؤں، ترقیاتی شراکت داروں اور پالیسی سازوں سے وسیع پیمانے پر ملاقاتیں کریں گے۔ اجلاسوں کے موقع پر وزیر خزانہ عالمی مالیاتی اداروں کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز)انا بیردے، آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ اور میگا کے منیجنگ ڈائریکٹر سوتومو یاماموتو شامل ہیں۔وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، جن میں فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کاٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک اور مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد اظہور شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحات اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔امریکہ کے دورے کے دوران وزیر خزانہ امریکی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، جن میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ خزانہ کے سینئر حکام کے علاوہ امریکہ کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید