کراچی (افضل ندیم ڈوگر) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اسلام آباد آمد اور واپسی کی دونوں پروازوں کو بحیرہ کیسپین پر باکو کے قریب ایک ہی مقام پر جی پی ایس سگنلز ڈراپ ہونے سے ٹریک لائن پر گلچز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایوی ایشن میں اسے معمول کہا جاتا ہے۔ فلائٹ ریڈار پر ایک ہی مقام پر دونوں پروازوں کے گلچز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پرواز پیرس سے اسلام آباد ارہی تھی تو باکو سے بحیرہ کیسپین پر پہنچتے ہی سی 32 اے طیارے کو 33025 فٹ بلندی اور 850 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر یو ٹی سی ٹائم 02:42 بجے جی پی ایس سگنل ڈراپ ہونے کا مسئلہ پیش آیا۔ راڈار پر پرواز ناہموار بھی رپورٹ ہوئی۔ فلائٹ ریڈار پر طیارے کی رفتار کم ہوکر 370 کلومیٹر تک رپورٹ ہوئی۔ اسلام آباد سے جرمنی کے روٹ پر بھی ترکمنستان سے آذربائیجان جاتے ہوئے بحیرہ کیسپین پر 34650 فٹ کی بلندی پر بلندی اور 800 کلومیٹر کی رفتار پر بھی اس طیارے کو عین اسی مقام پر جی پی ایس سگنلز کا ہوبہو مسئلہ پیش آیا۔ اس بار طیارے کی رفتار فلائٹ راڈار پر اچانک کم ہوکر 204 کلومیٹر فی گھنٹے پر رپورٹ ہوئی۔ تاہم دونوں پروازیں نارمل رہی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مشرق وسطی جنگ میں سائبر حملوں کے باعث ایسے واقعات عام ہیں اور پرواز میں سوار افراد کو کچھ محسوس بھی نہیں ہوتا۔