ملتان(سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور جماعت اہلسنت کے قائد علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ امریکہ کے حالیہ رویے کے بعد عالم اسلام کو غیرت دینی اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے،پاکستان کی حکومت اور فوج نے جنگ بندی کے بعد مذاکرات کے لیے دونوں ممالک کو ایک میزپر بٹھایا مگر امریکہ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کو اہمیت نہیں دی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت ملتان ڈویژن کے تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونش کی صدارت صوبائی امیر پیر سید خلیل الرحمان شاہ بخاری نے کی جب کہ درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن جمال الدین گیلانی، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی، دربار حضرت نواب سخی کے سجادہ نشین مخدوم سید زوہیب گیلانی ،دربار حضرت قاضی مٹھو کے زیب سجادہ مخدوم سید فیض مصطفیٰ قریشی سبحانی اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا، علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور افواج پاکستان عالمی امن کے لیے جو بھی اقدامات کریں گے جماعت اہلسنت ان کاخیر مقدم کرے گی، کنونشن میں جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کی بحالی کے لیے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں لیکن امریکہ کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔