ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن، ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں غیر قانونی ذبح خانوں اور گوشت بردار گاڑی کی چیکنگ، مجموعی طور پر ساڑھے 15 من مضر صحت گوشت تلف، ملزمان کےخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج، ملتان میں ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شہریوں کو بیمار، مردہ اور حرام گوشت بیچنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے، اس حوالے سے ملتان میں بابر چوک وہاڑی روڈ پر ذبح شدہ بیمار جانور کا گوشت سپلائی کرنے والی گاڑی کو چیک کیا گیا،گاڑی سے اڑھائی من کے قریب تعفن زدہ اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کردیا گیا،پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی قبضے میں لے لی اور ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی،اسی طرح وہاڑی کے علاقے دوکوٹہ قصائیوں والے محلے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ذبح خانے سے تقریباً 8 من بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت برآمد کیا گیا جس کو موقع پر تلف کردیا گیا،واقعے میں ملوث ملزمان ذوالفقار اور علی رضا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے خانیوال کے علاقے اڈہ وجھیانوالا میں رانا ٹاؤن سے 5 من کے قریب بدبو دار، باسی اور انتہائی خراب حالت میں موجود گوشت برآمد کرکے تلف کیا، غیر قانونی ذبح خانے کے مالک ملزم عبدالخلیل کیخلاف تھانہ چھب کلاں میں ایف آئی آر درج کروادی گئی۔