• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں پاکستان، سعودیہ، ترکیہ اور مصری حکام کا اہم اجلاس، علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، طاہر خلیل) پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام کا اہم اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق اور علاقائی استحکام اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا کہ چاروں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے نئے فریم ورک کی ضرورت ہے، ذرائع کے مطابق سعودی عرب، پاکستان، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ رواں ہفتے ترکیہ میں ملاقات کریں گے جس میں علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ​صدر مملکت آصف علی زراری سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی و سفارتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے امریکا ایران مذاکرات اور ثالثی کے تمام پہلوؤں پر صدر مملکت کو بریفنگ دی اور سعودیہ، ترکیہ کے مجوزہ دوروں پر اعتماد میں لیا، ادھر وزیر خارجہ اسحق ڈار کا ترکیہ،کینیڈا، کویت، رومانیہ کے وزرائے خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یورپی یونین کے نائب صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میںامریکا ایران مذاکرات سمیت حالیہ پیش رفت اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تمام رہنماؤں نے پاکستان میں امریکا ایران براہ راست مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پاکستانی تعمیری کردار کو سراہا اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے تسلسل میں متعلقہ ممالک کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کا اجلاس ہوا۔ سینئر حکام کے اجلاس (SOM) میں پاکستان کے وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ/ترجمان سفیر طاہر اندرابی نے کی۔ ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وفود کی قیادت بالترتیب نائب وزیر خارجہ سفیر موسی کولاکلی کایا، معاون وزیر خارجہ سفیر ناظح النگاری اور وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر السعود نے کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ہونے والی مشاورت کو چاروں برادر ممالک کے آئندہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا جو 17 اپریل 2026 کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس انطالیہ ڈپلومیسی فورم (ADF) کے موقع پر ہو گا۔ بعدازاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ترکیہ کے نائب وزیرِ خارجہ سفیر موسیٰ کولاکلی کایا ، مصر کے اسسٹنٹ وزیرِ خارجہ سفیر ناظح النگاری اور سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر السعود نے ملاقات کی۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے چاروں برادر ممالک کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر نظریات کی یکسانیت کو سراہا۔ انہوں نے چاروں ممالک کے درمیان امن، خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک تعاون پر مبنی فریم ورک وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر صدر کو اعتماد میں لیا۔

kk


اہم خبریں سے مزید