اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کے فارمولے میں حالیہ تبدیلیوں پر تحفظات، 128 ارب کے بقایا جات پر او سی اے سی کا احتجاج، ملک میں ایندھن کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کے فارمولے میں حالیہ تبدیلیوں اور پرائس ڈفرنشل کلیمز کی ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتا ہوا مالی دباؤ پیٹرولیم سیکٹر کی لیکویڈیٹی (نقدی کے بہاؤ) کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی کا نظام خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک کو 13 اپریل 2026 کو لکھے گئے ایک تفصیلی خط میں، صنعتی ادارے نے کہا ہے کہ دو بیک وقت ہونے والی تبدیلیاں،یعنی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں ترمیم اور ریگولیٹری ادائیگیوں میں تاخیر،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر ’’شدید مالی دباؤ‘‘ ڈال رہی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ کمپنیاں ملک بھر میں ایندھن کی خریداری اور تقسیم کی ذمہ دار ہیں۔