اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں وساکھی میلہ اور 327ویں خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منگل کے روز اختتام پذیر ہو گئیں۔ تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے بھرپور شرکت کی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں تقریباً 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید رہائشی بلاک تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ 18 گردواروں میں ترقیاتی کام جاری ہیں ، بھارت سے آئے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار سرجیت سنگھ نے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں بے حد عزت اور سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ہمیں یہاں اتنی عزت و احترام اور سیکیورٹی دی جاتی ہے جیسے کوئی وزیر ہوں انہوں نے سکیورٹی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کو قابل تعریف قرار دیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔