کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی نے غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فرخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13C میں واقع فائیو اسٹار پلازہ کے فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ملزمان غیر قانونی طور پر ایرانی ریال اور سعودی ریال کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔گرفتار ملزمان میں سید منظر عباس نقوی، محمد کاشف، واسع الرحمان اور شمیم رضا شامل ہیں۔ملزمان نے موقع پر غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ملزمان کے قبضے سے 35,500 سعودی ریال اور تقریباً 1 ارب 40 کروڑ ایرانی ریال برآمد کیے گئے۔ملزمان سے 4 موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا۔برآمد شدہ سامان کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کو ایف آئی اے سی بی سی کراچی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 25/2026 درج کر لیا گیا۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔کراچی سے افضل ندیم ڈوگر کے مطابق 29 ارب 69 کروڑ ایرانی ریال کی اسمگلنگ کی کوشش کے الزام میں گرفتار 9 ملزمان اور کیس پراپرٹی ایف ائی اے کمرشل بینکنگ سرکل کے حوالے کر دی گئی۔ ایف ائی اے حکام کے مطابق کیس میں شامل کی گئی خواتین کو عدم شواہد کی بنا پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے ان خواتین کو ڈھال بنا کر کرنسی اسمگلنگ کی کوشش کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سی بی سی فہد خواجہ نے اس نمائندے کو بتایا کہ ایرانی کرنسی اسمگلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب نیٹ ورک کے دیگر 6 ارکان محمد اصغر، عبدالغفار، تاج محمد، محمد نسیم، نعمت اللہ اور انار گل کو مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فہد خواجہ کے مطابق ملزمان نے کہاں سے کرنسی خریدی اور کہاں سپلائی کرنے جا رہے تھے اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔