کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سفیر برائے امریکہ ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سفارتی کوششیں اپنی منزل تک پہنچنے والی ہیں۔ صحافی وتجزیہ کار کامران یوسف نے کہا کہ دوسرا دور حتمی ہوگا۔ صحافی و تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ بہت سے ممالک سے مشاورت بھی ضروری ہے۔ ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ پری وار کی سطح پر آگئی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق سفیر برائے امریکہ ملیحہ لودھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے بعد کہا گیا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں ایسا کچھ نہیں تھا بریک تھرو نہیں ہوا البتہ پیشرفت ہوئی اور اسی کا نتیجہ یہ ہے کہ سفارتی کوششیں اپنی منزل تک پہنچنے والی ہیں۔ فریقین لچک دکھا رہے ہیں ۔اسرائیل دنیا بھر میں آئسولیٹ ہوچکے ہیں لیکن ڈیل ان کے مفاد میں نہیں ہوگی اس لئے اس پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ اب دیکھنا ہوگا ٹرمپ اسرائیل کو کتنا قابو میں کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔