• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی کےجسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع

پشاور( نیوزرپورٹر) احتساب عدالت پشاور نے سرکاری ادویات اور سرجری کےآلات میں اربوں روپے کے سکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید سات روز کی توسیع کردی۔ کیس کی سماعت احتساب جج محمد حامد مغل نے کی ۔سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس دوران عدالت میں سیشل پراسیکیوٹر نیب حبیب اللہ بیگ، نیب کے تفتیشی افسر اور ملزم کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے ۔نیب کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ نیب نے سابق ڈی جی ہیلتھ کو کرپشن اور فنڈز میں خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا سابق ڈی جی ہیلتھ پر ادویات کی خریداری میں ایک ارب روپے سے زائد کا خورد برد کا الزام ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم نے جعلی چالان کے ذریعے من پسند فرمز کو ادائیگیاں کیں شوکت علی پر فنڈز اہلیہ کے نام پر منتقل کرنے اور اثاثے بنانے کا بھی الزام ہے ملزم نے تفتیش کے دوران مزید انکشافات کیے ہیں ۔ مزید تفتیش کی ضرورت ہے عدالت نے ملزم کی جسمانی ریمانڈ میں مزید سات دن کی توسیع کردی۔
پشاور سے مزید