اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر ) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و سکون کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ اقدام کی حمایت جاری رکھے گا پاکستان خطے کے استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہے۔لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ایشیا میں دیرپا امن کا انحصار تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر ہے۔