کراچی (ٹی وی رپورٹ)آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد تجزیہ کاروں حامد میر، شہزاد اقبال اور شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کی کوششیں کامیاب ہوگئیں، مذاکرات میں ایک ہی اہم نکتہ باقی رہ گیا وہ یورینیم افزودگی کے معاملے پر ممکنہ ڈیل ہے۔ وہ جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کارحامد میر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد میں جو مذاکرات ہوئے اس میں ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے پر رضامند ہوگیا تھا اور دوسرے راؤنڈ کیلئے فیلڈمارشل عاصم منیر تہران گئے اور وہاں ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں اور فیلڈمارشل کا امریکی آفیشل کیساتھ بھی رابطہ تھا اور آبنائے ہرمز کا کھلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کی جو کوششیں تھی وہ کامیاب ہوگئی ہیں ۔