لاڑکانہ (اے پی پی) شکارپور میں سندھ کے اطلاعات و نشریات اور ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس کا افتتاح کیا۔ سندھ ٹرانسپورٹیشن اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے سکھر-شکارپور روٹ پر چھ ڈیزل ہائبرڈ بسوں کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ بسیں بلاول بھٹو اور صدر زرداری کی جانب سے شکارپور کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شکارپور سے سکھر پیپلز بس سروس شروع کی جا رہی ہے، سندھ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں، پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بس سروس کا تحفظ عوام کی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ بسیں عوام کی ملکیت ہیں اور عوام کو ہی ان کا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بس کا آدھا کرایہ حکومت سندھ ادا کر رہی ہے جبکہ آدھا مسافر خود ادا کرینگے۔