کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر سید صدرالدین شاہ راشدی کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ بھر میں ڈویژن سطح پر پارٹی عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پارٹی کے صوبائی سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کی۔اجلاس میں کراچی کے ساتوں اضلاع کے صدور ، جنرل سیکریٹریز ، مختلف ونگز کے ذمہ داران اور سینیئر رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ تفصیلی مشاورت اور باہمی اتفاق رائے کے بعد معروف قانون دان ایڈووکیٹ انور عظیم کو پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ جبکہ دیگر عہدیداران اور کمیٹی اراکین کے ناموں کا اعلان مشورے کے ساتھ جلد کیا جائے گا۔ اس موقع پر سردار عبدالرحیم نے ایڈووکیٹ انور عظیم کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ کراچی میں پارٹی کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔