کراچی( ثاقب صغیر )سندھ میں رواں برس کے پہلے تین ماہ کے دوران کاروکاری قرار دے کر 27خواتین سمیت36افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں کاروکاری کے واقعات تھمنے میں نہیں آ رہے۔ غیرت کے نام پر قتل کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔رواں برس کے تین ماہ کے دوران سندھ میں کاروکاری قرار دے کر 27 خواتین سمیت 36 افراد کو قتل کر دیا گیا ہے۔کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے والے ملزمان میں 18 ملزمان مقتولین کے شوہر، والد اور بھائی ، 11 دیگر رشتہ دار جبکہ 3 پڑوسی اور دوست شامل ہیں جنہوں نے مقتولین کو قتل کیا ۔ کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے جن میں ایک کلاشنکوف ، 3 شارٹ گن، 16 ریوالور /پستول اور 11 دیگر اقسام کے ہتھیار شامل ہیں۔ کراچی رینج میں کاروکاری کے 2، سکھر رینج میں 8، لاڑکانہ رینج میں 14، حیدرآباد رینج میں 3، میرپور خاص رینج میں ایک اور شہید بے نظیر آباد رینج میں کاروکاری کے 5کیسز رپورٹ ہوئے ۔واضح رہے کہ سال 2025 میں اس مدت میں سندھ بھر میں کاروکاری کے 41 کیسز میں 38 خواتین سمیت 48 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔گزشتہ 4 برسوں کے دوران 595 افراد کو کاروکاری قرار دے کر قتل کر دیا گیا،قتل ہونے والوں میں 466 خواتین اور 129 مرد شامل ہیں۔