کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہسپتال میں تمام ایمرجنسی سروسز بلا تعطل 24 گھنٹے جاری ہیں۔لیبر روم، سی سی یو، ایمرجنسی آپریشن تھیٹر اور شعبہ حادثات سمیت تمام شعبہ جات مکمل طور پر فعال ہیں اور مریضوں کو مسلسل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال میں ادویات بھی وافر مقدار میں موجود ہیںترجمان نے کہا کہ بغیر تصدیق کے سوشل میڈیا پر ویڈیوز چلانا صحافتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے الزامات کی تصدیق ہسپتال انتظامیہ سے نہیں کی، جو ذمہ دارانہ صحافت کے منافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر کھڑے ہو کر کسی کے خلاف ویڈیو بنانا اور پورے نظام کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں وزیراعلیٰ پورٹل اور محکمہ صحت کے پاس ہسپتال کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں ہے۔ اگر کسی مریض کو شکایت ہو تو وہ ٹول فری نمبر 1129 پر رابطہ کر سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق سول ہسپتال اس وقت بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور تمام میڈیا ہاؤسز کو کسی بھی وقت ہسپتال کے مختلف وارڈز کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی انتہائی اہم ہے اور ڈاکٹرز و عملہ پوری پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ہسپتال کے خلاف پروپیگنڈا افسوسناک ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے اعلان کیا کہ جھوٹے الزامات کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے ویژن کے مطابق ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ کی سربراہی میں تمام شعبہ جات کو فعال بنایا گیا ہے۔