کراچی/تہران (افضل ندیم ڈوگر، اے ایف پی) ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی فضائی حدود کو 50دن بعد جزوی طور پر بحال کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران نے مشرقی حصے کی فضائی گزرگاہیں بین الاقوامی پروازوں کیلئے کھول دی گئی ہیں، جبکہ چند ہوائی اڈے بھی مقامی وقت کے مطابق صبح7 بجے سے فعال کر دیے گئے ہیں۔ تاہم فلائٹ ٹریکر ویب سائٹس کے مطابق ابتدائی گھنٹوں میں بین الاقوامی پروازوں نے اب بھی ایران کی فضائی حدود سے گریز کیا اور متبادل طویل راستے اختیار کیے۔ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق جن 6 اہم ہوائی اڈوں کو فعال کیا گیا ہے ان میں تہران کا امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور مہرآباد ، مشہد، بیرجند، گرگان اور زاہدان جیسے بڑے مراکز سے بھی فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ دریں اثنا ایک اہم پیش رفت میں ایران نے ہفتہ کے روز اپنی فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔