راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں ملکی و غیر ملکی وفود کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک اور سکیورٹی مینجمنٹ کے لیے سیف سٹی اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا،ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی وڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز اور پنجاب پولیس کے سینئر پولیس افسروں نے بھی شرکت کی،اجلاس میں ٹریفک اور سکیورٹی مینجمنٹ کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور ریڈ زون کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو اس دوران ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے بروقت آگاہ رکھنے کے لیے ایف ایم ریڈیو، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کیا جائے تاکہ عوام کو متبادل راستوں اور ممکنہ ڈائیورژنز کے بارے میں پیشگی معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔مزید برآں، خصوصی ٹریفک پلان کے تحت متبادل روٹس، کنٹرول روم کی مؤثر مانیٹرنگ اور فوری رسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔