اسلام آباد (رانا غلام قادر، نیوز ر پورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا، صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکی ناکہ بندی اشتعال انگیز، جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے، واشنگٹن کا سابقہ روش برقرار ہے، امریکا سفارتکاری کے نام دھوکا دہی کر رہا ہے،امریکا اسرائیل کی مہم جوئی کیخلاف ملکی سلامتی کا دفاع کرینگے،ایرانی صدر نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا امن کی کوششوں میں پاکستان کے مضبوط عزم پر شکریہ ادا کیا،ادھر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مسائل کے جلد حل اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل مکالمہ اور رابطہ ناگزیر ہے، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، علاو ہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی مصر، کینیڈا اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے جس مصر، کینیڈا اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ نے امریکا اورایران مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ تقریباً 45منٹ جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے صدر پزشکیان اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 11-12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں مذاکرات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجا، جس کی قیادت اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ روابط خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے عمل کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے اس ہفتے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی تعمیری بات چیت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔صدر پزشکیان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہونگے۔دریں اثناء ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کے بعد ایران نے سرکاری اعلامیہ میں کہا کہ صدر پزشکیان نے شہباز شریف سے گفتگو میں مذاکرات اور جنگ بندی کے وقفے کے دوران امریکا کی جانب سے وعدوں کی مسلسل خلاف ورزیوں، دھونس اور غیر معقول رویے کا حوالہ دیا۔ پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران امریکہ اور صہیونی ریاست کی جانب سے کسی بھی نئی مہم جوئی کے خلاف ملک کی علاقائی سالمیت کا دفاع کریگا۔ دوسری جانب اسحاق ڈار سے پولینڈ کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ رادوسلو سکورسکی نے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔