مدینہ منورہ (شاہد نعیم) کراچی سے روٹ ٹو مکہ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی پروازیں پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال سعودی عرب نے 179210 پاکستانی عازمین حج کا کوٹہ جاری کیا ہے جن میں 118000 نشستیں سرکاری اسکیم کے تحت جاری کی گئی ہیں جبکہ باقی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے لیے مختص ہیں۔قبل از حج پاکستان سے حج پروازوں کی آمد جاری ہے ابتک 1357 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچے ہیں،انکی آمد پر سفیر پاکستان احمد فاروق اور قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی ،حج ڈائریکٹریٹ کے اعلی افسران نے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کا استقبال کیا ، تمام عازمین کو رہائش کیلئے مدینہ منورہ کے علاقے مرکزِیہ منتقل کیا گیا، جو مسجد نبوی ﷺ سے چند سو میٹرکے فاصلے پر ہے۔