• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ چاہیں گے کہ ایران کو مزید ڈرائیں، جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق مشیر قومی سلامتی جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ چاہیں گے کہ ایران کو مزید ڈرائیں، صدر ٹرمپ پر پریشر یہ ہے کہ دنیا اس وقت ان کا ساتھ نہیں دے رہی ۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران یوسف نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے وائٹ ہاؤس سے تصدیق ہوگئی ۔ وہ جیو نیوز کے ’’جرگہ‘‘ میں سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر قومی سلامتی جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ مسلسل سفارتی کوششیں دن رات کی محنت اور فیلڈ مارشل کا ایران کا دورہ اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے مختلف ممالک کو آن بورڈ رکھنے کی حکمت عملی اسی مقصد کے تحت اختیار کی جارہی ہے کہ مذاکرات کو کامیابی تک پہنچایا جاسکے اور امکان ہے یہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم اس عمل میں دو اہم اور گہرے پہلو ایسے ہیں جنہیں سمجھنا نہایت ضروری ہے ،مذاکراتی میز کو بھی ایک طرح کی جنگ تصور کیا جارہا ہے جہاں اصل میدان جنگ سے معاملہ سمٹ کر سفارتی سطح پر آگیا ہے ، دونوں فریقین اس عمل میں ایسے مطالبات سامنے رکھ رہے ہیں جن کے ذریعے مخالف کو دباؤ میں لاکر پسپائی پر مجبور کیا جاسکے اور اسی تناظر میں مذاکراتی حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع کے آغاز میں طے کئے گئے اہداف اور ان کی تکمیل کی سطح کا جائزہ بھی موجودہ مذاکراتی عمل سے جڑا ہوا ہے اور یہ دیکھا جارہا ہے کہ ایران ان نکات کو کس حد تک قبول کرتا ہے اور دونوں فریقین اب میدان جنگ سے نکل کر مذاکراتی میز پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں تاہم صورتحال کی نوعیت اب بھی بڑی حدتک وہی برقرار ہے ۔
اہم خبریں سے مزید