کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بیانات کے حوالے سے فریقین وقتی وقفہ اختیار کریں، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے اور دوسروں پر غلط الزامات لگاتے ہیں، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ فائنل ڈرافٹ تقریباً تیار ہوچکا ہے۔ وہ جیو نیوز کے ’’نیا پاکستان‘‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی ختم ہونے میں صرف دو روز سے کم کا وقت باقی رہ گیا ہے جبکہ دونوں طرف سے جنگ بندی میں توسیع کے اشارے تو ملے ہیں مگر کسی بھی جانب سے اس بارے میں اعلان سامنے نہیں آیاتاہم ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے بارے میں بہت اہم پیشرفت سامنے آئی ہیں اور صدر ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ ایرانی وفد منگل کے روز پاکستان پہنچے گا اور امید کی جارہی ہے یہ وفد وہی ہوگا جو پچھلے دور میں شامل تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹس سے کبھی یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ مسئلے کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں جبکہ بعض مواقع پر ان کے بیانات سے ایران کیخلاف ممکنہ سخت اقدامات اور فوجی کارروائی کے خدشات بھی ظاہر کئے جارہے ہیں ۔