لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہحکومت نےلیوی کے نام پر 1234ارب ظالمانہ ٹیکس وصول کیا، ایران جنگ میں امریکہ کو ذلت آمیز شکست کا سامنا ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ سے قربت ہمیں کوئی فائدہ نہیں دے گی۔ مصالحت ضرورکروانی چاہئے مگر یہ بات ذہن نشین رکھنی ہوگی کہ امریکہ نے کبھی پاکستان کا ساتھ نہیں دیا،،ہماری معیشت اور امن تباہ ہوگیا،ملک کو ایسی دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جو مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور عام آدمی کی خدمت پر یقین رکھتی ہو، آئی پی پیز اور ایل این جی کے ظالمانہ معاہدوں سے چند سو لوگوں نے اربوں روپے کمائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اسلامی پشاور میں تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر عطا الرحمن، ڈاکٹر اسامہ رضی، شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ، صوبائی امیر عبد الواسع، مولانا محمد اسمعیل اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔انہوں نےکہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار 49ہزار میگا واٹ اور ضرورت 24تا 25ہزارمیگا واٹ ہے۔بد انتظامی کی انتہا کہ حکومت نے ضرورت سے زائدبجلی پیدا ہونے کے باوجود عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کررکھا ہے۔گڈ گورننس کی دعویدار پنجاب اور کے پی کے حکومتیں آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک کررہی ہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ امریکہ دہشت گرد ریاست ہے جس نے غزہ میں اسرائیل کا ساتھ دے کر مسلمانوں کا قتل عام کیا۔اسرائیل دوسال سے غزہ میں ہمارے بچوں کوقتل کررہا ہے مگر حکومت میں رہنے والی تینوں پارٹیاں خاموشی سے یہ ظلم دیکھتی رہیں اور کسی نے بھی اس کی مذمت نہیں کی۔