کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں 6ایم جی ڈی ریپڈ گریویٹی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لئے 22 ایکڑ سے زائد سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ، جس کا مقصد قاسم آباد اور ملحقہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات کو پورا کرنا اور فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔یہ فیصلہ انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات و آبپاشی جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات و آبپاشی جام خان شورو نے بتایا کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس منصوبے کے لیے اے ڈی پی اسکیم کے تحت دیہہ جامشورو، تعلقہ قاسم آباد میں زمین کی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے گاؤں مسری شیخ میں تقریباً 25 ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جس میں سے 22 ایکڑ زمین A-1 کیٹیگری میں آتی ہے اور فوری استعمال کے لیے موزوں ہے۔