کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہر کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں ، امن معاہدہ کے بعد سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی ، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گورنرہاؤس میں میمن کمیونٹی کے 20رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں شہر کی صورتحال ، معاشی،اقتصادی، صنعتی ، تجارتی سرگرمیوں اور میمن کمیونٹی کے کردار پر بات چیت ہوئی، گورنرسندھ نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف نے مجھ پر جو اعتما د کیا اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ساحلی پٹی کی بہتری کے لئے کام کررہا ہوں اس ضمن میں چین سے تعاون کی درخواست کی ہے ،انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ سیاحت کے لئے کراچی آتے تھے ، آج دبئی جاتے ہیں ، تعریفی کلمات سن کر گورنرسندھ نے کہا کہ میری تعریف نہیں مجھ پر تنقید کریں، وفد میں مسعود پاریکھ ، یحیٰ پولانی ، چوہدری نثار ، اختر یونس ، سلیم پاریکھ، جاوید تھارا ، اے کے میمن سمیت دیگر شامل تھے ۔