کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ زمین کا تحفظ ہی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، زمین کے عالمی دن کے موقع پر کرہ ارض کے تحفظ کو قومی اور بین الاقوامی ترجیح قرار د ینے پر زور دیا اور کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی محض ایک نظریاتی بحث نہیں بلکہ ایک سنگین حقیقت ہے جس سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کا مستقبل وابستہ ہے، ہمیں پانی، توانائی اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کا عہد کرنا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان اور موجودہ حکومت قابلِ تجدید توانائی بالخصوص شمسی اور ونڈ انرجی کے شعبوں میں تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے تاکہ توانائی میں خودکفالت کے ساتھ ماحول کو بھی محفوظ بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ہم پائیدار ترقی کے لیے مؤثر قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہیں،انہوں نے عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگلات کا رقبہ عالمی معیار سے کم ہو کر صرف 5 فیصد رہ گیا ہے جو ماحولیاتی عدم توازن کی بڑی وجہ ہے جبکہ بڑے شہروں میں فضائی آلودگی اور پلاسٹک کا بے دریغ استعمال انسانی صحت کے لیے مہلک بن چکا ہے۔