اسلام آباد ( طاہر خلیل )پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق تاریخی موقع پر وزیرِاعظم نے سپارکو کےانجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اور خلائی شعبےمیں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے غیر متزلزل تعاون کا بھی اعادہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھجوایا، سیٹلائٹ ای او تھری شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے کےلیے جدید تصویری ڈیٹا فراہم کرےگا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ مقامی طور پر تیار ای او سیٹلائٹ کی لانچنگ ایک اور اہم سنگ میل ہے اور ای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے خودانحصاری اور شاندار ٹیکنالوجی کی طرف اہم سفرہے۔یہ سیٹلائٹ غذائی اور ماحولیاتی تحفظ کےلیےجدید تصویری ڈیٹابھی فراہم کرےگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ای اوتھری کی کامیابی ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھےگی، ای او تھری سیٹلائٹ مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کی تکمیل میں مدددےگا اور پائیدارسماجی ومعاشی ترقی میں کردار ادا کرےگا۔سپارکو کی جانب سےای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ کی تاریخی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔