کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے 120ارب روپے کی اوور انوائسنگ اسکینڈل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ،اوور انوائسنگ میں سہولت کاری کرنے والے متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی نگرانی کے لئے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی قائم ، کمیٹی ممبران میں اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کے سینئر افسران کو شامل کرنے کا حکم ، سولر پینل اوور انوائسنگ اور منی لانڈرنگ کیس میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے 2017 سے 2022 تک جاری رہنے والی اس غیر قانونی اسکیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جو متعدد اداروں کی غفلت کی نشاندہی کرتا ہے ۔اس اسکینڈل میں ملوث یا غفلت برتنے والے تمام سرکاری افسران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ احتساب کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم آفس کی جانب سے تادیبی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کی نگرانی کے لئے دو اعلیٰ سطح کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ،اوور انوائسنگ میں سہولت کاری کرنے والے متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی نگرانی کے لئے ، کمیٹی برائے تادیبی کارروائی، قائم کر دی گئی ہے تادیبی کارروائی کی کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جبکہ کمیٹی ممبران میں اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کے سینئر افسران کو شامل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔سولر پینلز کی اوور انوائسنگ سے منسلک ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات اور قانونی کارروائی میں معاونت کے لئے ، مانیٹرنگ انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔