پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے نوٹس کے خلاف دائر رٹ درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر عدالت میں سپیشل پراسیکوٹر نیب ارباب کلیم اللہ، سرتاج خان اور درخواست گزار کے وکیل بشیر خان وزیر پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسکا موکل رکن صوبائی اسمبلی ہے جس کو نیب نے نوٹس جاری کیا ہے،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے ہیں نیب نے جو سوال نامہ دیا ہے، ہم نے سپیکر صوبائی اسمبلی کے پاس اپنا جواب جمع کرایاہے، نیب کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ نیب درخواست گزار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق انکوائری کررہا ہے۔ نیب کو درخواست گزار کے خلاف شکایات موصول ہوئی، جس پر نیب نے انکوائری شروع کی ہے، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے سپیکر کے پاس جواب جمع کیا ہے، عدالت ٹائم دے ہم فائل پر جواب لگا لیں گے، جس پر جسٹس سید ارشدعلی نے کہا کہ جواب فائل پر موجود نہیں ہے، آپ فائل پر بھی جواب لگا لیں، عدالت نے درخواست گزار کو جواب جمع کرنے کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔