• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال ٹیکس محاصل اہداف ہر حالت میں پورے کئے جائیں، سید فخر جہان

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے محکمہ ایکسائز کے افسران اور عملے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کیلئے ٹیکس محاصل کی مد میں متعین اہداف کو ہر حالت میں پورے کئے جائیں۔ انہوں نے جون تک صوبہ بھر میں ایکسائز وٹیکسیشن دفاتر کی ریکوری کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ یہ ہدایات انہوں نے محکمہ ایکسائز کی ماہانہ ٹیکس ریکوری کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹرز، پشاور کے مختلف ایکسائز دفاتر کے افسران اور بذریعہ زوم دیگر اضلاع کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مارچ 2026 تک سال رواں کے دوران 9 مہینوں میں محکمہ کے مختلف دفاتر کی جانب سے اکٹھے کئے گئے محصولات کے اعدادوشمار اور سال بھر کیلئے متعین اہداف کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے سال 2025 اور 26 کے پہلے 9 ماہ جولائی تا مارچ کے دوران ٹیکسوں کی وصولی میں نمایاں پیش رفت دکھائی گئی اور کہا گیا کہ ٹیکسیشن کی تمام مدوں میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں واضح اضافہ ہوا ہے مجموعی ریکوری میں جولائی تا مارچ کے 9 ماہ کے دوران مجموعی ٹیکس ریکوری 5136.8 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ اعداد وشمار 4314.6 ملین روپے تھے۔ اسی طرح مجموعی طور پر 9 مہینوں کے دوران 822.2 ملین روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے اور آئندہ 3 مہینوں کے دوران مزید محاصل سے متعین ہدف کو پورا کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر مختلف ای ٹی اوز کے اشاریوں کو بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی اور صوبائی وزیر نے کہا کہ اہداف کے حصول کے حوالے سے کسی بھی طرح کی نرمی کی گنجائش نہیں ہے جبکہ متعین اہداف کو جون تک ہر حالت میں حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بعض ای ٹی اوز کی کوششوں کو سراہا۔
پشاور سے مزید