پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشدعلی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خیبرپختون خوا بار کونسل کی جانب سے نئی مرتب کردہ ووٹرلسٹوں پر 6 مئی کو ہونے والے انتخابات سے متعلق فیصلہ معطل کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ انتخابات مقرر وقت پر ہونگے تا ہم یہ سابقہ طریقہ کار کے تحت مرتب کردہ ووٹر لسٹ پر ہونگے۔فاضل بنچ نے یاسرخٹک اور شمائل احمد بٹ ایڈوکیٹس کی وساطت سے دائر رٹ درخواست کی سماعت۔ دوران سماعت عدالت کوبتایا کہ خیبرپختون خوا بار کونسل نے دسمبر 2025 میں ایک اعلامیہ کے زریعے تمام ایسے وکلاء کو ووٹ کے لئے نااہل قرار دیا جنہوں نے اپنے بقایاجات مقررہ تاریخ تک کلئیر نہیں کی حالانکہ یہ ایک روایت چلی آرہی ہے کہ انتخابات گزشتہ سال کے کلئیر شدہ ووٹرلسٹوں پر ہوتے ہیں۔۔یاسر خٹک نے عدالت کوبتایا کہ اس فیصلے سے بہت سے مسائل سامنے آرہے ہیں لہذا ضروری کو اس مرتبہ کے انتخابات گزشتہ طریقہ کار کے تحت منعقد کیے جائیں اور بار کونسل کا نئے ووٹر لسٹوں پر انتخابات کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نےابتدائی دلائل سننے کے بعد نئے ووٹر لسٹوں پر انتخابات روکتے ہوئے سابقہ ووٹر لسٹوں پر انتخابات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔