پشاور (این این آئی) خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 51مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں اب تک 257مشتبہ جبکہ 26تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے مزید 4کیسز کی تصدیق ہوئی، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ اعدادو شمار کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 10کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع بھی اس وائرس کی لپیٹ میں آنا شروع ہو گئے ہیں۔ بنوں اور کوہاٹ میں بھی ڈینگی کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں 3لاکھ سے زائد پانی کے کنٹینرز کی جانچ کی جا چکی ہے جبکہ ہزاروں مقامات پر سرویلنس کا عمل جاری ہے۔ تاہم نجی اسپتالوں سے مکمل ڈیٹا نہ ملنے کے باعث حکام کو صورتحال کا درست اندازہ لگانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مچھروں سے بچانے کیلئے مناسب اقدامات کریں تاکہ اس بیماری کے پھیلا کو روکا جاسکے۔