اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ماہرین معیشت نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کو پاکستان کے میکرو اکنامک فریم ورک کیلئے خطرہ قرار دے دیا،وزارتِ خزانہ کو مالیاتی ذمہ داری اور قرضہ جاتی حد بندی ایکٹ پر عملدرآمد کی سہ ماہی رپورٹس فراہم کرنیکی ہدایت، کم لاگت گھروں کی سکیم پر عملدرآمد سے متعلق ہاؤسنگ فنانس کے حوالے سے بل پر بحث کےلیے اجلاس طلب، ماہرین معیشت کے مطابق مہنگائی، توانائی بحران، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ 42 فیصد اضافہ، ٹرانسپورٹ لاگت میں نمایاں اضافہ، آر ایل این جی اور فرنس آئل سپلائی میں رکاوٹیں ملکی معیشت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں،چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نےبیرونی معاشی جھٹکوں کے مقابلے کے لیے مربوط اقتصادی ردِعمل اور مالی استحکام کے لیے تیز تر بنیادی اصلاحات کی ہدایت کی جبکہ قائمہ کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ وزارتِ خزانہ مالیاتی ذمہ داری اور قرضہ جاتی حد بندی ایکٹ پر عملدرآمد سے متعلق سہ ماہی رپورٹس کمیٹی کو فراہم کرے۔