ملتان(سٹاف رپورٹر) یوممزدور کے موقع پر اخبار فروش یونین کے رہنمائوںنے حکومتی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور صنعتی زوال نے مزدور طبقے کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اور اگر فوری عملی اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں،مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اخبار فروش یونین ملک نواز اتیرا، جنرل سیکرٹری نوید خان ڈمرا، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اتیرا،ممبر فیڈریشن ملک حاجی شہزاد، ناصر حسین قریشی اور ملک محبوب پرویز نے کہا کہ ہر سال یکم مئی کو مزدوروں کے حقوق کے نام پر ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں، مگر یہ سرگرمیاں محض نمائشی ثابت ہوتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ تقاریر میں مزدوروں کے مسائل کا ذکر تو کیا جاتا ہے، لیکن عملی طور پر کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آتی، جس کے باعث محنت کش طبقہ آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہے،ممبر فیڈریشن ملک عرفان اتیرا نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان بدستور جاری ہے، بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل بڑھوتری اور اشیائے خوردونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے مزدور کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔