ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان یونائٹیڈ ورکرز فیڈریشن جنوبی پنجاب نے یوم مئی کے موقع پر نواں شہر ملتان سے پریس کلب پر ریلی نکالی جس کی قیادت ملک وحید رجوانہ چیف آرگنائزر اور مصور حسین قریشی صدر نے کی ریلی میں صنعتی و سرکاری اداروں کی یونینز کے ورکرز شریک تھے، صدر مصور حسین قریشی، چیف آرگنائزر ملک وحید رجوانہ، وائس چیئرمین محمد آصف ندیم اور سیکرٹری اطلاعات ملک عرفان اتیرا نے ریلی سے اپنے اپنے خطاب میں کہ اس وقت پاکستان کے مزدور بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں کیونکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے انکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ملوں، کارخانوں اور دیگر کاروباری و پیداواری اداروں میں ٹھیکیداری اور تھرڈ پارٹی کے نظام نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے، لیبر قوانین کی عملداری نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلکہ اب پنجاب حکومت نے پنجاب لیبر کوڈ 2026 منظور کر لیا اور سندھ لیبر کوڈ بھی منظوری کے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔جنوبی پنجاب کی عوام پہلے سے بھی زیادہ محرومیوں کا شکار ہیں۔ نہ کوئی نئی صنعت لگی ہے اور نہ ہی کوئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں بلکہ پہلی صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔